Friday, May 10, 2024

کراچی، وین آتشزدگی سے جاں بحق مسافروں کی تعداد 15 ہوگئی

کراچی، وین آتشزدگی سے جاں بحق مسافروں کی تعداد 15 ہوگئی
September 27, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں سُپرہائی وے پر نوری آباد کے قریب مسافر وین میں آتشزدگی کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے، تمام میتیں کراچی میں ایدھی سرد خانہ منتقل کردی گئیں، اور ڈی این اے کیلئے نمونے بھی حاصل کرلئے گئے۔ کراچی میں سُپرہائی وے پر خوفناک حادثہ پیش آیا، مسافر وین شعلوں کی لپیٹ میں آگئی۔ آگ سے جھلس کر 15 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ حادثے کا شکار بدقسمت وین حیدرآباد سے کراچی آرہی تھی، جس کے آگے موجود وین کا بونٹ یا بمپر نکل کر متاثرہ وین کے ٹائر میں پھنس گیا تھا۔ افسوسناک حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں پہلے عباسی شہید اسپتال لائی گئیں، جہاں ایک خاتون کی گود میں مردہ حالت میں بچہ بھی تھا، تمام میتوں کو عباسی شہید اسپتال سے ایدھی سرد خانہ منتقل کردیا گیا، اور ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کرلیے گئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے ڈی این اے کے بغیر لاشوں کی شناخت ممکن نہیں تھی، اور رپورٹس آنے کے بعد ہی میتیں ورثاء کے حوالے کی جائیں گی۔ نوری آباد کے قریب افسوسناک حادثے میں زخمی ہونے والے 4 افراد اس وقت سول اسپتال حیدرآباد میں زیرعلاج ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے افسوسناک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔