Friday, May 3, 2024

کراچی ، وفاقی اداروں کی بیش قیمت اراضی پر بھی قبضہ ہوگیا

کراچی ، وفاقی اداروں کی بیش قیمت اراضی پر بھی قبضہ ہوگیا
January 2, 2018

کراچی ( 92 نیوز ) ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وفاقی اداروں کی بیش قیمت زمینوں پر بھی قبضہ ہوگیا ۔ صوبائی سرکار قبضہ ختم کرانے میں ناکام ہو گئی ۔  قائمہ کمیٹی نے معاملہ ڈی جی رینجرز کو بھیجنے کا حکم دیدیا۔

سندھ  حکومت کی زمینوں کے بعد کراچی میں وفاقی اداروں کی قیمتی اراضی پر بھی قبضہ مافیا کا راج ہے ۔

وفاقی وزارت ہاؤسنگ کی کراچی میں دو کھرب سے زائد مالیت کے تین ایکڑ پلاٹ پر بااثر قبضہ مافیا کی نظریں ہیں ۔

 اسکیم 33 گلزار ہجری میں بھی غریب سرکاری ملازمین کی رہائش کے لیے مختص 61 ایکڑ زمین پر مافیا نے پنجے گاڑ لیے ہیں ۔

وفاقی وزارت ہاؤسنگ کے مطابق قبضہ ختم کرانے کے لئے سندھ حکومت کو ایک نہیں، دو نہیں، بلکہ کئی خطوط لکھے مگر زمین پر قبضہ ختم ہوا نہ سندھ سرکار نے تعاون کیا ۔

مارٹن کوارٹر، جیل روڈ  اور دیگر علاقوں وفاقی سرکار کی 78 ایکڑ زمین پر بھی قبضہ ہو چکا ہے ۔ادارے قبضہ مافیا سے نہ نمٹ سکے تو خندقیں کھود کر زمینیں بچا نے کی کوشش کی ۔

کمیٹی نے قیمتی اراضی پر قبضے ختم  نہ ہونےپر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ ڈی جی رینجرز کو بھیجے کا حکم بھی دے دیا ۔