Sunday, September 8, 2024

کراچی: وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کی مزار قائد پر حاضری، نیوی کے چاق وچوبند دستے کی سلامی

کراچی: وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کی مزار قائد پر حاضری، نیوی کے چاق وچوبند دستے کی سلامی
March 23, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) یوم پاکستان پر پاکستان نیوی کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر سلامی پیش کی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی۔ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ  سید قائم علی شاہ نے اپنی کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاکستان نیوی کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر سلامی پیش کی اور تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ حاضری کے بعد گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کراچی سمیت سندھ بھر میں امن وامان میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو کراچی اور سندھ کے رکے ہوئے پراجیکٹ پر کام شروع کرنے کی مبارکباد بھی دی۔ پاکستان پیپلزپارتی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ بانی پاکستان کے مزار پر حاضری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور رینجرز کی کوششوں سے امن قائم ہوا ہے۔ ہم قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کو آگے بڑھائیں گے۔