Sunday, September 8, 2024

کراچی: وزیراعظم نوازشریف آج اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرینگے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی شرکت متوقع

کراچی: وزیراعظم نوازشریف آج اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرینگے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی شرکت متوقع
August 20, 2015
وزیراعظم نوازشریف آج کراچی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔ وزیراعظم نوازشریف ایک روزہ دورے پر آج کراچی جائیں گے جہاں وہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی شرکت متوقع ہے۔ کورکمانڈر اور ڈی جی رینجرز کراچی آپریشن اور امن وامان کی صورتحال پر اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی رینجرز کراچی آپریشن میں اب تک ہونے والی کامیابی سے آگاہ کریں گے۔ کراچی آپریشن کے بعد بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، قتل اور چوری کی وارداتوں میں ساٹھ فیصد کمی ہوئی ہے۔ شرکا اجلاس کو بتایا جائے گا کہ کراچی آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ آپریشن میں کالعدم تنظیموں تحریک طالبان اور جرائم پیشہ افراد کو ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آپریشن میں پولیس کی کارکردگی بھی پہلے کی نسبت بہتر ہو رہی ہے جس کے باعث جرائم پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ اجلاس میں امن وامان کی صورتحال، رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے میں ہونے والی پیشرفت پر بھی آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سیاسی قیادت کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرے گی۔