Thursday, April 18, 2024

کراچی واٹر بورڈ کے اعلیٰ افسروں کی تنزلی ... افسران جھاڑو پھیرا کرینگے

کراچی واٹر بورڈ کے اعلیٰ افسروں کی تنزلی ... افسران جھاڑو پھیرا کرینگے
January 2, 2016
کراچی (92نیوز) سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کراچی واٹر بورڈ میں تاریخ کی سب سے بڑی اکھاڑ پچھاڑ کردی گئی۔ دو سو سے زائد اعلیٰ افسروں اور ملازمین کی تنزلی ہوئی تو کئی افسرپھوٹ پھوٹ کررو پڑے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں تاریخ کی سب سے بڑی اکھاڑ پچھاڑ دیکھنے میں آئی ہے۔ غیرقانونی ترقی پانے والے 200 سے زائد اعلی افسروں اور ملازمین کی تنزلی کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے۔ تنزلی کے بعد آڈیٹر خاکروب‘ سب انجینئر چوکیدار اور ہیوی ڈیوٹی ڈرائیور کانسٹیبل بن گئے۔ ڈی ایم ڈی فنانس معراج الدین تنزلی کے بعد ڈائریکٹر آئی ٹی بن گئے۔ گریڈ 20 کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس شکیل احمد کا ایک گریڈ کم کردیا گیا۔ موصوف ادارے میں غیرقانونی بھرتیوں اور ترقیوں کے مرکزی کردار ہیں اور اینٹی کرپشن میں متعدد انکوائریاں بھگت رہے ہیں۔ تنزلی پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر معراج الدین‘ شکیل احمد اور ڈائریکٹر محسن قائم خانی پر بھی بجلی گرگئی۔ گریڈ 19 کے ڈائریکٹر اکاونٹس عمران زیدی گریڈ 14 میں پہنچ گئے۔ گریڈ اٹھارہ‘ انیس اور بیس کے کئی افسر بھی سپریم کورٹ کے حکم نامے کی زد میں آئے۔ بی ٹیک کی بنیاد پرسترہ گریڈ کے سو سے زائد اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر گریڈ 16 کے سب انجینئر بن گئے۔ انتظامیہ نے افسروں اور ملازمین کے اعتراضات سننے کے لیے کمپلینٹ ریڈریسل کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔