Sunday, May 12, 2024

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی غفلت سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی غفلت سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں
September 21, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی عدم توجہ کے باعث جگہ جگہ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ رہائشی علاقے ہوں یا مارکیٹس، بوسیدہ سیوریج نظام اورصفائی نہ ہونے کے سبب سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے اہل کراچی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔

کہیں برساتی نالے اوور فلو تو کہیں گٹر لائنوں سے رساؤ ، کراچی کی ہر پانچویں سڑک سیوریج تالاب کا منظر پیش کررہی ہے ، اولڈ سٹی ایریا میں تو حالت بہت ابتر ہے ۔

ضلع جنوبی میں پاکستان چوک سے لیکر اطراف  کی رہائشی اور کاروباری علاقے میں سیوریج لائنوں  کا بوسیدہ نظام شہریوں کے لئے آزار بنا ہوا ہے ، بارشوں سے پہلے اور بعد میں بھی اولڈسٹی ایریامیں شہریوں کی  مشکلات کم نہ ہوسکیں کہیں گٹر لائنوں کے اوور فلو ہونے کے سبب کاروبار کرنا اور پیدل چلنا  ہی محال نہیں گاڑیوں کا گزر بھی مشکل ہے ۔

محکمہ بلدیات کے مطابق کراچی میں فراہمی ونکاسی آب  کے مسائل کے حل کے لئے گزشتہ دس برسوں میں  اربوں روپے خرچ کیے جاچکے مگر کراچی میں قدیمی اور  بوسیدہ سیوریج نظام کو تبدیل نہیں کیاگیا اور نہ ہی ان  مسائل سے شہریوں کو نجات مل سکی ہے۔