Friday, March 29, 2024

کراچی والوں کی سنی گئی،کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کے مابین معاملات طے پا گئے

کراچی والوں کی سنی گئی،کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کے مابین معاملات طے پا گئے
April 23, 2018
کراچی ( 92 نیوز ) وفاق اور صوبوں کے خط و کتابت کے کھیل کے بعد بالآخر اہلیان کراچی کی سنی گئی ، کےالیکٹرک اور سوئی سدرن کے مابین گیس کی فراہمی کے معاملات طے پاگئے ۔ دوسری جانب  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں  کے الیکٹرک کو جتنی گیس کی ضرورت ہوگی دی جائے گی، کراچی کو بجلی بھی ملے گی اور پانی بھی ۔ گورنرہاؤس میں وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی بڑھانے پراتفاق کیاگیا۔وزیراعظم نے صحافیوں کو بتایاکہ  کے الیکٹرک کوجتنی گیس چاہے ہوگی دیں گے۔ شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ کے الیکٹرک نجی ادارہ ہے سرکاری تحویل میں نہیں لے سکتے ، یہ بھی بولےجہاں بجلی چوری ہوگی وہاں  لوڈ شیڈنگ بھی ہوگی۔ وزیراعظم نےکہاکہ وفاق کراچی کےلئے جوکچھ  کرسکتاتھاا س سے زیادہ کردیا۔گرین لائن کا بنیادی اسٹریکچر بنادیاہے۔بسیں لاناسندھ حکومت کاکام ہے، وہ نہیں کرسکتے توبتادیں بسیں بھی وفاق دے دے گا۔ وزیراعظم نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور کے الیکٹرک کے مالی معاملات حل کرنے کی ذمہ داری مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل کے سپرد کردی۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کہتے ہیں سندھ میں سولر انرجی پروگرام شروع کردیا،اب کوئی بحران نہیں رہے گا،وزیراعظم کے اقدامات خوش آئند ہیں ۔ خواجہ اظہار نے وزیر اعظم کےاعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ  مسئلے کا مستقل حل ہونا چاہیے۔