Saturday, May 11, 2024

کراچی والوں نے بھی دھند کا مزہ چکھ لیا

کراچی والوں نے بھی دھند کا مزہ چکھ لیا
January 21, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی والوں نے بھی دھند کا مزہ چکھ لیا۔ حد نگاہ کم ہونے پر گاڑیوں کی روانی کے ساتھ فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہو گیا۔

جاتی سردی نے کراچی والوں کو بھی دھند کا مزہ چکھا دیا۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھا گئی۔ شارع فیصل، آئی آئی چندری گر روڈ، یونیورسٹی روڈ، کلفٹن، سپر ہائی وے کےعلاقوں میں حد نگاہ 200 میٹر رہ گئی۔ حد نگاہ کم ہونے کے باعث جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر رہا۔

لاہور میں دن چڑھتے ہی سورج نے مکھڑا دکھایا تو سردی سے ٹھٹھرتے چہرے خوشی سے دمک اٹھے۔ لاہور میں سورج پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے۔

سیالکوٹ، وزیرآباد، گوجرہ، ساہیوال، ملتان سمیت کئی میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی۔ دھند چھٹنے پر مختلف مقامات پر بند موٹروے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پنجاب میں بھی سردی کی لہر برقرار رہے گی۔