Monday, September 16, 2024

کراچی : نیب نے سابق وائس چانسلر جامعہ اردوڈاکٹرظفراقبال کو گرفتارکرلیا

کراچی : نیب نے سابق وائس چانسلر جامعہ اردوڈاکٹرظفراقبال کو گرفتارکرلیا
February 6, 2017
کراچی(92نیوز)جامعہ اردو کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال کی بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی گئی، نیب نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کےمطابق کہتے ہیں بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی ایسا ہی کچھ ہوا سرکاری خزانے پر ہاتھ کی صفائی دکھانے والے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال کے ساتھ جنہیں بیرون  ملک فرار ہوتے ہوئے کراچی ایئر پورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔ ڈاکٹر ظفراقبال دو ہزار تیرہ سے دو ہزار پندرہ تک جامعہ اردو کے وائس چانسلر رہے،کرپشن کے سنگین الزامات پر سینڈی کیٹ کی سفارش کےبعد صدر مملکت نے انہیں برطرف کردیا، ڈاکٹر ظفر اقبال کے خلاف جامعہ اردو گلشن اقبال کیمپس میں ایڈمنسٹریشن بلاک کی تعمیر، اشیاء کی خریداری، نجی کمپنی کو کروڑوں روپے میں سکیورٹی کا ٹھیکہ دینے، سرکار کے کروڑوں روپے ذاتی اکاونٹ میں جمع کرانے، لاہور میں نجی انسٹی ٹیوٹ کو غیر قانونی طور پر جامعہ کے کیمپس کا درجہ دینے سمیت بدعنوانی و اختیارات سے تجاوز کے درجنوں الزامات پر نیب  اور ایف آئی اے میں تحقیقات جاری ہیں۔۔ پیر کو ڈاکٹر ظفر اقبال نے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کی جو کراچی ایئر پورٹ پر موجود ایف آئی اے امیگریشن  حکام نے ناکام بنادی اور موصوف کو حراست میں لے کر نیب لاہور کے حوالے کردیا، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ظفر اقبال  کے خلاف نیب لاہور میں بھی تحققیات جاری ہے اور متعدد بار طلب کرنے کے باوجودہ موصوف پیش نہیں  ہوئےتھے۔