Wednesday, April 24, 2024

کراچی : نجی یونیورسٹی سے گرفتار افراد کے لیپ ٹاپ سے اہم معلومات مل گئیں

کراچی : نجی یونیورسٹی سے گرفتار افراد کے لیپ ٹاپ سے اہم معلومات مل گئیں
December 19, 2015
کراچی (92نیوز) داعش کے سہولت کاروں سے تفتیش میں پیشرفت جاری ہے۔ نجی یونیورسٹی کے سی ای او عادل مسعود بٹ کا لیپ ٹا پ فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے حساس ادارے کی نشاندہی پر کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں چھاپہ مار کر نجی یونیورسٹی کے سی ای او عادل مسعود بٹ کو گرفتار کیا تھا۔ تفتیش کیلئے عادل مسعود بٹ کا لیپ ٹا پ فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے جبکہ سلیم احمد‘ محمد سلیمان سعید اور عادل مسعود بٹ کے لیپ ٹاپ سے اہم دستا ویزات ملی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیپ ٹاپ سے تنظیم اسلامی کے باغی کارکنوں کی فہرست بھی ملی ہے۔ خالد یوسف باری کے لیپ ٹاپ سے دہشت گردوں کو فنڈنگ کی مزید تفصیلات بھی ملی ہیں جبکہ خالد یوسف باری کی اہلیہ نے الذکرہ اکیڈمی کے نام سے ادارہ بنا رکھا تھا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق عادل مسعود بٹ سانحہ صفورا اور ڈیبرا لوبو حملہ کیس کے مرکزی ملزم سعد عزیز عرف ٹن ٹن کا بزنس پارٹنر بھی تھا اور سانحہ صفورا کے ملزموں سمیت کالعدم القاعدہ کے متعدد دہشت گردوں کو فنڈنگ بھی کرتا رہا۔