Thursday, April 25, 2024

کراچی ، نجی اسکولوں کی فیس میں 5 فیصد سے زائد اضافہ غیر قانونی قرار

کراچی ، نجی اسکولوں کی فیس میں 5 فیصد سے زائد اضافہ غیر قانونی قرار
September 3, 2018
کراچی (92 نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے نجی اسکولوں کی فیس میں 5 فیصد سے زائد اضافہ غیرقانونی قرار دے دیا اور پرانے اسٹرکچر کے تحت فیس وصول کرنے کا حکم دے دیا۔ نجی اسکولوں کی فیسوں میں 10 سے 13 فیصد اضافے کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے بڑا فیصلہ سنا دیا۔ فیصلے کے مطابق نجی اسکولوں کی فیس میں 5 فیصد سے زائد اضافہ غیر قانونی قرار دیا گیا اور تمام نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد اضافہ کرنے سے روک دیا۔ والدین کے وکیل کا مؤقف تھا کہ فیسوں میں اضافے کے بارے میں سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی ہے کہ یہ منافع بخش کاروبار کے زمرے میں آتا ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا اسکول چاہیں تو 3 سال کیلئے فیس مقرر کر دیں لیکن اضافے کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس ہونا چاہیے۔ فیصلے کے بعد والدین نے خوشی کا اظہار کیا اور جمع کرائی گئی اضافی رقم واپس ملنے کی امیدیں لگا لیں۔ عدالت نے سندھ حکومت سے 7 ستمبر تک جواب طلب کر لیا جبکہ فیس پر عائد اِنکم ٹیکس پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔ اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے فیصلہ جاری کیا تھا لیکن عدالتی فیصلے کے باوجود اسکولز اضافی فیسں وصول کر رہے تھے جس کے بعد والدین کی درخواستوں پر ہائیکورٹ نے لارجر بینچ تشکیل دیا تھا۔