Sunday, May 5, 2024

کراچی ، نجی اسکولوں کو جون، جولائی کی فیس ایڈوانس وصول کرنے سے روک دیا گیا

کراچی ، نجی اسکولوں کو جون، جولائی کی فیس ایڈوانس وصول کرنے سے روک دیا گیا
January 11, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر کے والدین کیلئے خوشخبری آ گئی۔ نجی اسکولوں کو جون، جولائی کی فیس ایڈوانس اور ایک ساتھ وصول کرنے سے روک دیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ اسکولز نے کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام نجی اسکولوں کو جون، جولائی کی فیس ایک ساتھ اور ایڈوانس میں لینے پر پابندی لگا دی۔ ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ اسکولز منسوب صدیقی نے تمام اسکولوں کو باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کردیا جس میں واضح کیا گیا ہے کہ جون کی فیس جون اور جولائی کی فیس جولائی میں ہی وصول کی جائے۔ خلاف ورزی پر متعلقہ اسکول کو کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔ ڈی جی نے والدین سے اپیل کی کہ ایڈوانس فیس کا مطالبہ کرنے والے اسکول کی شکایت فوری طور پر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ اسکولز میں درج کروائیں۔ ادھر نجی اسکولوں کی اضافی فیس سے متعلق کیس میں ایف بی آر نے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کر دی ۔ ایف بی آر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 22 میں سے 7 ادارے  ایک ارب 22 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں ، سربراہ عدالتی کمیشن نے فیسوں میں کمی اور سالانہ اضافے کے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولز کی تفصیلات  پیش کیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ چند روپے واپس کرنے پڑ رہے ہیں تو عذاب بنا لیا ، ادارے تعلیم دینے کیلئے ہیں نوٹ بنانے کیلئے نہیں ۔ چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے  ہوئے کہا کہ ایک اسکول ڈائریکٹر کی ماہانہ  تنخواہ ایک کروڑ روپے ہے ، کمال ہی ہوگیا ، فیس میں کمی کا اطلاق پورے ملک پر ہو گا۔ سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو ایکول اسکول انتظامیہ کو فوری پیش کرنے کا حکم دے دیا۔