Sunday, April 28, 2024

کراچی ، نالوں کی صفائی بارشوں کا سیزن شروع ہونے سے پہلے مکمل کرنے کا حکم جاری

کراچی ، نالوں کی صفائی بارشوں کا سیزن شروع ہونے سے پہلے مکمل کرنے کا حکم جاری
April 14, 2018
کراچی (92 نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے شہر کے تمام نالوں کی صفائی بارشوں کا سیزن شروع ہونے سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ سندھ میں صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے معاملے پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت ہوئی ۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا صفائی نہ ہوئی تو شہریوں کو بھگتنا پڑے گا ۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ واٹرکمیشن کے حکم پر اقدامات شروع کر دیئے جس پر جسٹس فیصل عرب خان نے کہا یہی شرمندگی کی بات ہے کہ کام اب شروع ہوا ، یہ کام آپ کو خود کرنا چاہیئے تھا ۔ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ شہریوں کو صاف پانی ملنا چاہیے ، پانی کے بغیر زندگی نہیں ہے ۔ چیف جسٹس بھی یہی کہتے ہیں کہ صحت کے سارے مسائل پانی سے جُڑے ہوئے ہیں ۔ ادھر درخواست گزار نے بتایا کہ شہر میں 30 بڑے اور 500 چھوٹے نالے ہیں جن میں سے 4 بڑے نالوں کی صفائی شروع کر دی گئی ۔ نالوں کی صفائی کیلئے سندھ حکومت 500 ملین روپے جاری کر رہی ہے ۔ عدالت نے5 مئی تک سماعت ملتوی کر دی ۔