Saturday, April 27, 2024

کراچی: نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت سترہ افراد زخمی، دس افراد حراست میں لے لیے

کراچی: نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت سترہ افراد زخمی، دس افراد حراست میں لے لیے
January 1, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں نئے سال پر کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت سترہ افراد زخمی ہو گئے جبکہ فائیو اسٹار چورنگی پر ہنگامہ آرائی کرنے والے دس افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ رات کے بارہ بجتے ہی پورا کراچی گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا۔ سی ویو، ڈیفنس، کورنگی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، رنچھوڑ لائن، گولی مار، لائنز ایریا، پی آئی بی کالونی، صدر، گلستان جوہر، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، اورنگی ٹاؤن، بنارس کالونی میں بھی شدید ہوائی فائرنگ کی گئی جس سے دو خواتین اور دو بچوں سمیت سترہ افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے سات کو عباسی شہید، چھے جناح اسپتال جبکہ چار سول اسپتال منتقل کیے گئے۔ دوسری جانب نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر بدمست نوجوانوں نے ہلڑ بازی کی۔ پتھر اور ڈنڈے مار کر شاہراہ پر نصب ٹریفک کے اشارے اور سائن بورڈز توڑ ڈالے، ہنگامہ آرائی کی وجہ سے فائیو اسٹار چورنگی اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر لاٹھی چارج کیا اور دس افراد کو حراست میں لے لیا۔