Friday, April 19, 2024

کراچی میں یوم آزادی کی مناسبت سے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد

کراچی میں یوم آزادی کی مناسبت سے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد
August 14, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں یوم آزادی کی مناسبت سے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جشن آزادی بھرپور طریقے سےمنایا جا رہا ہے،مساجد میں ملک کی سلامتی اور ترقی کےلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دن کے آغاز پر اکیس توپوں کی سلامی  دی گئی۔ مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے  گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ عظیم قوم کے لیے عظیم دن 14 اگست، پاکستان کا یومِ آزادی ہر چہرا کھلا کھلا۔ ہر دل شاد، ملک بھر میں 73 واں جشنِ آزادی ملی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وطن عزیز کے لیے  خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ اہلیان وطن نے نماز فجر میں ملک کی سلامتی  اور خوشحالی کےلیے دعائیں کیں۔ اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔ لاہور کے محفوظ شہید گریژن پارک میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پشاور کے کرنل شیرخان شہید اسٹیڈیم سمیت کوئٹہ میں دن کے آغاز پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی جہاں فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ 14 اگست کی مناسبت سے ایوانِ صدر میں بھی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صدر عارف علوی نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی نے بھی شرکت کی۔