Friday, May 17, 2024

کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ،سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ‏

کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ،سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ‏
April 30, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ سر پر آن پہنچا،سرکاری اسپتالوں میں عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ،لیکن نرسز مطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی سڑکوں پر رہیں اور سندھ اسمبلی کے  باہر دھرنا دے دیا۔ شہر قائد کا پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ  ہے جبکہ  شدید گرمی کے باعث شہری بلبلااٹھے، سمندر کنارے واقع شہر سے سمندری ہوائیں روٹھ گئیں ۔ کراچی کے 13 اسپتالوں میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ۔ یکم مئی سے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا گیا جس کے بعد سندھ حکومت حرکت میں آگئی۔ شہر کے 185 مقامات پر ٹھنڈے پانی کی سبیلوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا میں ہیٹ ویو سے گرمی کی شدت کے نئے ریکارڈ بننے لگے

سورج کے تیور بدلتے ہی تپتی دھوپ میں کراچی والوں کے پسینے چھوٹ گئے اور جینا محال کردیا ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے یکم سے 3 مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے  ، جس کے پیش نظر  سندھ حکومت نے 115 مقامات پر ہیٹ اسٹروک سینٹر اور 112 مقامات پر کیمپ اسپتال قائم کردیے  جبکہ 185 مقامات پر ٹھنڈا پانی فراہم کیا جائے گا ۔ کے ایم سی کے زیرانتظام 13 اسپتالوں میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں جبکہ ہیٹ ویو ایمرجنسی وارڈز بھی قائم کیے جائیں گے ۔