Friday, April 26, 2024

کراچی میں ہلاکتوں کی ذمہ دار صوبائی اور وفاقی حکومتیں ہیں : عمران خان

کراچی میں ہلاکتوں کی ذمہ دار صوبائی اور وفاقی حکومتیں ہیں : عمران خان
June 23, 2015
اسلام آباد(92نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کراچی کے عوام کے جانی نقصان کا ذمہ دار صوبائی اور وفاقی حکومت کو قرار دے دیا ہے،کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کےاقتدار میں آنے سے بجلی کا بحران مزید سنگین ہوگیا ہے۔ میڈیا سیل کے جاری کردہ بیان میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے باعث سینکڑوں افراد کی اموات پر افسوس کا اظہا ر کیاہے  اور کہا ہے کہ کراچی میں حکومت عوام کو بجلی اور پانی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے،حکومت سندھ کراچی کی صورتحال پر منظر عام سے غائب ہےاور شہر میں حکومتی رٹ بھی ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے مگر صوبے کے عوام کو سحرو افطار میں کئی کئی گھنٹے بجلی سے محروم رکھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف عوام کو پانی اور بجلی کی سہولت دستاب نہیں دوسری جانب حکومت نے ساری توجہ میٹرو جیسے مہنگے منصوبوں پرمرکوز کررکھی ہے۔ عمران خان نے لوڈشیڈنگ کرنے والوں اور بجلی بحران کے ذمہ داروں کا احتساب کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بحران کو فوری طور پر حل کیا جائے۔