Monday, May 13, 2024

کراچی میں گیس کا بحران، سی این جی اسٹیشنز کو تیسرے روز بھی فراہمی معطل

کراچی میں گیس کا بحران، سی این جی اسٹیشنز کو تیسرے روز بھی فراہمی معطل
December 19, 2019

 کراچی (92 نیوز) کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ سی این جی اسٹیشنز کو تیسرے دن بھی گیس کی فراہمی نہ ہوسکی جس کے باعث شہر کی سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے جبکہ گھریلو صارفین کیلئے گیس نایاب ہی ہوگئی ہے۔

کراچی میں موسم کی انگڑائی کے ساتھ ہی گیس بحران نے بھی سر اٹھالیا۔ سی این جی فلنگ اسٹیشنز کو پیر کی دوپہر سے گیس کی فراہمی بند ہے جبکہ گھریلو صارفین بھی گیس بحران کا شکار ہوگئے۔

گیس کی بندش کے باعث کئی علاقوں میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے اور خواتین کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ طلبہ اور دفاتر جانے والوں کو ناشتہ کیے بغیر روانہ ہونا پڑا۔

سی این جی اسٹیشن بند ہونے سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر رہ گئی جس کے باعث دفاتر یا کام سے جانے والے شہریوں کا بس اسٹاپس پر انتظار طویل ہوگیا۔

گیس کی سپلائی متاثر ہونے سے رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کی بھی پریشانی بڑھ گئی۔ گیس پریشر میں کمی سے صنعتوں کا پہیہ بھی جام ہوگیا اور سائٹ کی صنعتوں میں پیداواری سرگرمیاں رک گئیں اور صنعتکاروں کو برآمدی آرڈر کی فکر ستانے لگی۔

سوئی سدرن حکام کا کہنا ہے گھریلو صارفین کی ضروت اولین ترجیح ہے۔ جسے ہر صورت پورا کرنے کیلئے سی این جی اسٹشنز اور صنعتوں کو فراہمی معطل کی ہے۔