Friday, April 26, 2024

کراچی میں گوالوں کا دودھ 10 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان

کراچی میں گوالوں کا دودھ 10 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان
March 5, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں گوالوں کی ایک بار پھرمن مانی، دودھ کی قیمت میں دس روپے فی لیٹر جبکہ دہی کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافے کا اعلان کردیا۔

آل پاکستان ڈیری کیٹل اینڈ فارمرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے چارے کی ایکسپورٹ بند اور اس کی قیمتوں میں کمی کی جائے، جبکہ شہریوں نے معاملے پر سندھ حکومت اور کمشنر کراچی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں رٹ کس کی؟، کمشنرکراچی کی یا گوالوں کی؟۔ گوالوں نے ایک بار پھر من مانی کرتے ہوئے دودھ کی قیمت میں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا۔

دودھ کی فی لٹر کی قیمت ایک سو تیس روپے جبکہ دہی کی قیمت دوسو روپے فی کلو کردی گئی۔

شہرقائد میں پہلے ہی دودھ کمشنر کراچی کے مقرر کردہ نرخ پر نہیں بلکہ گوالوں کے مقرر کردہ نرخ پر فروخت ہو رہا ہے۔ فی لیٹر دودھ کی سرکاری قیمت چورانوے روپے ہے، جبکہ شہر میں ایک سو بیس روپے ہے۔

چئیرمین آل پاکستان ڈیری کیٹل اینڈ فارمرز ایسوسی ایشن شاکر گجر نے نائینٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دودھ کے نرخوںمیں اضافے سے متعلق کمشنر کراچی رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر وہ دستیاب نہیں تھے، ساتھ ساتھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ چارے کی ایکسپورٹ کو بند اور اس کی قیمتوں میں کمی کی جائے بصورت دیگر رمضان المبارک کے بعد قیمت دس روپے مزید بڑھائی جائےگی۔

دوسری جانب شہریوں نےگوالوں کےاعلان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومٹ اور کمشنر کراچی کی رٹ پر سوالات اُٹھائے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف نمائشی نہیں بلکہ سخت ایکشن لیا جائے، سندھ حکومت اور کمشنر کراچی اپنی رٹ بحال کروائیں۔