Sunday, September 8, 2024

کراچی میں گندگی کے ڈھیر پر ایڈمنسٹریٹرشرقی معطل ،ٹھیکیدار کو نوٹس

کراچی میں گندگی کے ڈھیر پر ایڈمنسٹریٹرشرقی معطل ،ٹھیکیدار کو نوٹس
July 13, 2016
کراچی(92نیوز)نائنٹی ٹونیوز نےکراچی میں گندگی اورصفائی کی  ناقص صورتحال کا مسئلہ اٹھایا تو وزیر بلدیات سندھ بھی نیند سےبیدار ہوگئے، جام خان شورو نےفرائض میں غفلت برتنے پرایڈمنسٹریٹر شرقی کو معطل جبکہ انڈرپاس کی تکمیل میں تاخیر پر کنٹریکٹر کو  نوٹس جاری کردیا۔ تفصیلات کےمطابق کراچی میں گندگی اور غلاظت کی  نشاندہی کی تو وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کو بھی  فرض کی ادائیگی کا خیال آہی گیا جام صاحب نے بدھ کو مختلف علاقوں کا دورہ کیا تو کچرے اور گندگی کےڈھیر دیکھ کر آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں۔ جام خان شورو نے ضلع شرقی میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورت حال پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ایڈمنسٹریٹر شرقی رحمت اللہ شیخ کو شوکاز جاری کردیا لیکن کچھ ہی دیر بعد انہیں معطل کرکے گھر کی راہ دکھادی۔ وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ صفائی ستھرائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا،آئندہ شہر کےجس علاقےسے گندگی کی شکایت ملی تو وہاں کےایڈمنسٹریٹر سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی دوسری جانب وزیر بلدیات اچانک پہنچے گولیمار انڈر پاس اور انڈرپاس  پر کام کی سست روی پر کنٹریکٹر کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ جام خان شورو نے گزشتہ روز نائنٹی ٹو نیوز کے "لاوارث کراچی" ٹرانسمیشن میں شہر سےگندگی اور غلاظت صاف کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔