Sunday, September 8, 2024

کراچی میں  گندگی و غلاظت پرقائم علی شاہ کی  شدید برہمی ،صرف ضلع جنوبی صاف کرنےکا حکم ملا ہے : کمشنر

کراچی میں  گندگی و غلاظت پرقائم علی شاہ کی  شدید برہمی ،صرف ضلع جنوبی صاف کرنےکا حکم ملا ہے : کمشنر
July 18, 2016
کراچی(92نیوز)وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں گندگی و غلاظت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے  ہوئے کمشنر کو تین روز میں صفائی ستھرائی کا حکم دے دیا مہلت گزرنے کے بعد متعلقہ ضلعی ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی کمشنر کے خلاف کارروائی ہوگی  لیکن  کمشنر کراچی نے تو سائیں کے احکامات کی نفی کردی کہتے ہیں انہیں تو صرف ضلع جنوبی صاف کرنے کا حکم ملا ہے۔ تفصیلات کےمطابق کہتے ہیں کہ دیر سے ہی سہی  وزیراعلیٰ سندھ کو ایک بار پھر کچرے اور گندگی میں لتھڑے کراچی کی صفائی کا خیال آہی گیا۔ شاہ صاحب نے کےایم سی اور ڈی ایم سیز کی ناقص کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیاکمشنر کو تین روز کی مہلت دیدی  کہ شہر کو چمکادیا جائے۔ وڈے سائیں نے یہ وارننگ بھی جاری کردی کہ اگر تین روز میں ان کے حکم کی تعمیل نہ ہوئی تو متعلقہ ضلع کے ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی کمشنر کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔۔ ابھی وزیراعلیٰ کے فرمان کی سیاہی بھی نہیں سوکھی تھی کہ  کمشنر کراچی نے ان کی بیان کی نفی کردی  کہنے لگے انہوں نے تو صرف ضلع جنوبی صآف کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر صاحب کے ذریعے بیس کروڑ روپے پورے شہر کی صفائی کے لیے جاری کیے گئے تھے نہ کہ صرف ضلع جنوبی کے لیے اس طرح وزیراعلیٰ کے بیان پرشہریوں کی جو تھوڑی بہت امید بندھی تھی کمشنرکراچی نے اس پر پانی پھیر دیا ۔