Thursday, May 9, 2024

کراچی میں کچرا کم ہونے کی بجائے بڑھنے لگا

کراچی میں کچرا کم ہونے کی بجائے بڑھنے لگا
October 16, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) کراچی میں 30 کروڑ روپے خرچ کر بھی سندھ سرکار کچرے کو تلف نہ کر سکی ، مختلف علاقوں میں کچرا کم ہونے کی بجائے بڑھنے لگا۔ کچرے سے پاک کراچی  خواب بن گیا ، میئر کراچی ، وفاقی وزیر علی زیدی کی طرح سندھ سرکار کی صٖائی مہم بھی بری طرح ناکام ہو گئی ۔  بڑے دعوے اور دوروں پر دورے بھی کار گر ثابت نہ ہو سکے ،  وزیر اعلیٰ سندھ سید  مراد علی شاہ نے  صفائی مہم کے آغاز پر کہا تھا کہ میں کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کے چیلنج کو قبول کرتا ہوں ۔ صفائی مہم اپنے اختتام کی جانب رواں دواں ہے لیکن شہر کا کچرا کم ہونے کے بجائے بڑھ گیا ، ضلع کورنگی،وسطی اور غربی کا تو کوئی پرسان حال نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اتنا پیسہ خرچ ہوا لیکن کوئی فرق نہ پڑا۔ کچرے میں گھرے شہریوں کا کہنا ہے کہ گند و غلاظت کے باعث بیماریوں کا راج ہے ۔ ناقص منصوبہ بندی کہیں یا رابطے کا فقدان حقیقت یہ ہے بیشتر علاقہ تاحال صفائی کے منتظر ہیں ،  اور اس سنگین مسئلہ کے لیے مستقل بنیادوں پر قدامات کی ضرورت ہے ۔