Sunday, May 19, 2024

کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 2 فیصد سے بڑھ کر 6 فیصد ہوگئی، این سی او سی

کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 2 فیصد سے بڑھ کر 6 فیصد ہوگئی، این سی او سی
January 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 2 فیصد سے بڑھ کر 6 فیصد ہوگئی۔

وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ویکسینیشن کے لازمی نظام کے حوالے سے سخت اقدامات پراتفاق ہوا۔

این سی او سی اعلامیہ کے مطابق ‏کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ شہری کورونا کی پانچویں لہر سے بچنے کےلیے ویکسین لازمی لگوائیں۔ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے پر عملدرآمد کیا جائے۔

این سی اوسی حکام کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے والے افراد اومیکرون سے کم متاثر ہوتے ہیں۔ صوبوں کے ساتھ مل کر ویکسینیشن کے مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں کورونا کی اومیکرون قسم پھیلنے کی شرح 40 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور میں اومیکرون کیسز رابطوں میں رہنے والے افراد میں پھیل رہے ہیں۔ لاہور میں 60 فیصد خواتین، 40 فیصد مرد اومیکرون کا شکار ہوئے ہیں۔