Saturday, April 20, 2024

کراچی میں کورونا کیسز سے اموات بڑھنے کا معاملہ ، میڈیکولیگل افسروں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق

کراچی میں کورونا کیسز سے اموات بڑھنے کا معاملہ ، میڈیکولیگل افسروں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق
April 17, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں کورونا کیسز میں اضافہ اور اموات بڑھنے کے معاملے پر میڈیکولیگل افسروں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا۔ سول، جناح اور عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ مارٹم اور لاشوں کا معائنہ کرنا مشکل ہو گیا۔ میڈیکولیگل افسران کومخصوص کٹس، این 95 ماسک، سرجیکل ماسک سمیت گلوز بھی میسر نہیں۔ ایم ایل اوز کو اسپتالوں میں دوران علاج انتقال کرکے آنے والے افراد کا پوسٹ مارٹم اور معائنہ کرنا مشکل ہو گیا۔ شہر بھرکے اسپتالوں کے ایم ایل اوز نے اپنے انچارج پولیس سرجن کراچی کو شکایات کر دیں۔ پولیس سرجن کراچی نے متعلقہ اسپتالوں کی انتظامیہ کو ایم ایل اوز کو حفاظتی  سامان فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ پولیس سرجن ڈاکٹرقرار عباسی نے کہا گزشتہ دو ماہ کے دوران سول، جناح اور عباسی اسپتال میں  116 لاشوں کے پوسٹ مارٹم کیے گئے۔ ان حالات میں انتقال کرنے والے افراد کا پوسٹ مارٹم اور معائنہ کرنے سے قبل ایم ایل اوز کی سیفٹی یقینی بنائیں گے۔ دوسری طرف سندھ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان  کی جانب سے کورونا کے ٹیسٹ مفت کرنے کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیئے گئے ۔ سندھ کے پانچ بڑے معروف نجی اسپتال اور لیبارٹریز کورونا ٹیسٹ کیلئے فیس بٹورنے لگے۔ نجی اسپتالوں اور لیبارٹریز میں کورونا کے مشتبہ افراد سے 6 سے9 ہزار روپے فیس وصول کی جارہی ہے۔ محکمہ صحت نے 5  نجی اسپتالوں اور لیبارٹریز کو ٹیسٹ کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں مشتبہ افراد کی تعداد زیادہ ہونے پر شہری نجی اداروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ شہرقائد میں روزانہ درجنوں افراد نجی اور سرکاری اسپتالوں میں ٹیسٹ کرانے کیلئے پہنچنے لگے ہیں۔