Saturday, April 20, 2024

کراچی میں کورونا وائرس سے پہلا مریض چل بسا

کراچی میں کورونا وائرس سے پہلا مریض چل بسا
March 20, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں کورونا وائرس سے پہلا مریض چل بسا۔ محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کر دی۔ 77سالہ شخص نجی اسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئے۔ وہ کینسر کا بھی مقابلہ کر چکے تھے۔ پاکستان میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد تین ہو گئی۔ متاثرین کی تعداد 461 تک جا پہنچی۔ سندھ میں 245، بلوچستان 81، پنجاب 80 اور خیبرپختونخوا میں 23 مریض، گلگت بلتستان میں 21، اسلام آباد 10 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس سامنے آیا۔ سندھ حکومت نے مکمل لاک ڈاون کے لیے دوبارہ وفاق سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت دیگر ہنگامی اقدامات پر بھی دوبارہ زور دے گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مرادعلی شاہ ویڈیولنک کے ذریعے صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کرینگے۔ سندھ بھر متاثرہ مریضوں کی تعداد 245 ہے۔ تین افراد صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ  سماجی رابطے محدود کر لیں۔ احتیاط نہ برتنے سے بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب ایم کیوایم ارکان سندھ اسمبلی نے بھی ایک ماہ کی تنخواہ وزیر اعلی فنڈ میں جمع کرا دیں۔ ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید نے اسپیکر کو خط لکھا اور کہا کہ ایم کیوایم کی درخواست پر سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے تنخواہیں منہا کرلیں۔ جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر علاقائی روانگی اور آمد پر مسافروں کی اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔ مسافروں کی تھر مو گن سے مکمل طبی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔