Thursday, April 25, 2024

کراچی میں کورونا سے شدید متاثرہ علاقوں میں 2 ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن شروع

کراچی میں کورونا سے شدید متاثرہ علاقوں میں 2 ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن شروع
June 18, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں کورونا سے شدید متاثرہ علاقوں میں 2 ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن شروع ہو گیا۔ رینجرز، پولیس اور انتظامیہ نے 41 حساس یوسیز بند کرا دیں۔ کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے وار کے باعث کمشنر کراچی کے احکات پر پولیس ، رینجرز اور انتظامیہ نے شہر کی 41 یونین کونسلز میں شام 7 بجتے 2 جولائی تک لاک ڈاؤن کر دیا۔ بند کرائے جانے والے علاقوں میں شہر کے چھ اضلاع ، اکتالیس یوسیز کی 70  سے زائد گلیاں شامل ہیں۔ ضلع شرقی کی 17، غربی اور ملیر کی 6، 6 یوسیز کو سیل کیا  گیا ہے۔ اسی طرح ضلع کورنگی اور جنوبی کی 5،5 یوسیز اور ضلع وسطی کی 2 یوسیز ہیں۔ لاک ڈاؤن والے مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی ہو گا ۔ ہاٹ اسپاٹس کے مکینوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندی ہو گی جبکہ حساس مقامات پر کریانہ اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے اور علاقے میں ہر طرح کے صنعتی یونٹس بند رہیں گے ۔ متاثرہ علاقوں میں مریض کے ساتھ ایک تیماردار کو جانے کی اجازت ہو گی جبکہ گھر کا ایک فرد شناختی کارڈ دکھا کر ضروری اشیاء کی خریداری کر سکے گا ۔ حساس علاقے میں ریسٹورنٹس کی ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس بھی معطل رہے گی ۔ لاک ڈاؤن کے فیصلے پر متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے ملے جلے  ردعمل  کا اظہار کیا۔ کمشنر کراچی کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں ہر طرح کی محفلوں کی اجازت نہیں ہوگی ۔ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہو گی ۔ حساس علاقے کی سڑکوں پر ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی ۔