Sunday, May 12, 2024

کراچی میں چینی کی قیمت 80 روپے کلو ہو گئی

کراچی میں چینی کی قیمت 80 روپے کلو ہو گئی
January 22, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں چینی کی قیمت 80 روپے کلو ہو گئی۔ شہر میں ایک ہفتے کے دوران فی کلو چینی کی قیمت میں 10روپے کا اضافہ ہوا۔ آٹے کے بعد مختلف شہروں میں چینی کا بحران بھی شروع ہو گیا۔ اسلام آباد میں چینی 80 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔ کئی شہروں میں قیمت 80 سے 90 کے درمیان پہنچ گئی۔ بعض یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی چینی کی قلت دیکھنے میں آئی۔ ادھر لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے چکی مالکان کو 45 روپے کلو آٹا فروخت کرنے کا کہا تو انہوں نے ہڑتال کردی، تاہم مذاکرات کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری گندم کا آٹا 45 روپے کلو فروخت ہو گا۔ کراچی سمیت سندھ میں فائن آٹا 65 جبکہ چکی کا آٹا 70 روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔ حکومت نے مختلف علاقوں میں ٹرک بھجوانا شروع کر دیئے، گورنر سندھ نے یوٹیلیٹی اسٹورز کا دورہ کیا اور کہا کہیں بھی آٹے کی قلت نہیں۔ پشاور میں انتظامیہ نے نانبائیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے۔ مطالبہ پورا ہونے پر نانبائیوں نے ہڑتال ختم کر دی۔ 170 گرام کی روٹی 15 روپے اور 115 گرام کی روٹی 10 روپے میں مل رہی ہے، شہریوں نے روٹی کو پاپڑ قرار دے دیا۔ بلوچستان میں فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی فراہمی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن سید صالح آغا نے کہا حکومت نے ایک بوری بھی گندم فراہم نہیں کی،ہم فراہمی بند کررہے ہیں اب حکومت ہی آٹا فراہم کرے۔ روجھان میں آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ شہریوں نے آٹے کے حصول کیلئے کھینچا تانی کی۔ میونسپل کمیٹی عملے نےغریبوں کو گھنٹوں زمین پر بٹھائے رکھا۔ آٹا نہ ملنے پر بوڑھی خاتون ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتی رہی۔