Tuesday, April 16, 2024

کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشتگرد حملے میں بھارت نواز دہشتگرد ملوث نکلے

کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشتگرد حملے میں بھارت نواز دہشتگرد ملوث نکلے
November 24, 2018
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشتگرد حملے میں بھارت نواز دہشتگرد ملوث نکلے ، کالعدم تنظیم  کا سرغنہ اور چینی قونصلیٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم عرف اچھو بھارت کے میکس اسپتال میں زیر علاج ہے  جبکہ اسلم اچھو کی افغان خفیہ ایجنسیوں کے حکام سے ملاقاتوں کی فوٹیج نائینٹی ٹو نیوز کو موصول ہو گئی ۔ کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشتگرد حملے کے تانے بانے بھارت سے جا ملے ، ذرائع کے مطابق حملہ آور دہشتگردوں کا تعلق کالعدم   تنظیم کے گروپ سےنکلا ہے جس کا سرغنا اسلم عرف اچھو  حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے ۔ اسلم اچھو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے میکس اسپتال میں زیر علاج ہے ، اسلم اچھو کے حکم پر  چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا گیاجبکہ  تینوں دہشتگردوں کی تربیت ’’این ڈی ایس‘‘ اور ’’را ‘‘نے کی ۔ دوسری طرف اسلم اچھو کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کا سلسلہ بھی جاری ہے ، 92 نیوز کو موصول ہونے والی  اسلم اچھو کی فوٹیج  میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ  افغان خفیہ ایجنسیوں  کے حکام سے ملاقاتیں کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اکتوبر کے آخر اور رواں ماہ اسلم اچھو نے قندھار میں متعدد میٹنگز کیں۔ بھارت پاکستان  میں کیا کردار ادا کر رہا ہے  اس کے واضح ثبوت ملنا شروع ہو گئے ، کبھی بھارتی نیوی کے حاضر سروس آفیسر کمانڈر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ، کبھی بھارت کے دہشت گرد تنظیموں سے رابطے  اور اب بھارت نواز  دہشت گردوں کا چینی قونصلیٹ پر حملے اور  بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کی کالعدم  تنظیم کی کھلم کھلا مددبہت سے سوالات کو جنم دے رہی ہے۔