Friday, March 29, 2024

کراچی میں چائنہ کٹنگ پلاٹوں پر قائم تجاوزات ختم کرانے کا حکم

کراچی میں چائنہ کٹنگ پلاٹوں پر قائم تجاوزات ختم کرانے کا حکم
November 29, 2017

کراچی ( 92 نیوز )سپریم کورٹ نے کراچی میں چائنہ کٹنگ پلاٹوں پر قائم تجاوزات ختم کرانے کا حکم دے دیا ۔ ڈی جی کے ڈی اے کو دو ماہ میں تمام قبضے ختم کرانے کی ہدایت دی گئی ۔ عدالت نے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کو بھی اپنی حدود سے تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیا ۔ ڈی ایم سی، کے ایم سی افسران نے شہر بھر میں 35ہزار چائنہ کٹنگ اور رفاعی پلاٹوں پر قبضوں کا اعتراف کر لیا۔
سپریم کورٹ رجسٹری میں کراچی کے رفاعی پلاٹس قبضہ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس گلزار احمد نے کے ایم سی کے اینٹی انکروچمنٹ سیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ شہر کی زمینوں پر قبضہ ہورہا ہے۔ آپ لوگوں کو کوئی شرم یا احساس ہے؟۔
عدالت نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ کے ایم سی کا اینٹی انکروچمنٹ سیل کیا کام کررہا ہے۔ شہر کی خالی زمینیں سیاستدانوں، سرکاری افسران اور رشتہ داروں کو بیچنے کے لئے نہیں لوگوں کہ سہولت کے لئے چھوڑی گئی تھیں ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ہم نے حکم دیا تھا کہ بل بورڈز ختم کئے جائیں مگر اب بھی ان کےکھمبے لگے ہوئے ہیں۔ تاریخی مہٹہ پیلس سے متصل پارک میں دیوار کیسے کھڑی کی گئی ۔
جس پر ڈی جی کے ڈی اے نے دیوار کی تعمیر کے معاملے پر لاعلمی کا اظہارکیا ۔ عدالت نے کہا کہ آپ کو سب پتا ہے ۔ اگر نہیں پتہ تو پھر ڈی جی کس کام کے؟ ۔صدر میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے کیا ہورہا ہے۔۔
سپریم کورٹ نے اب تک کی پیشرفت پرعدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ 35 ہزار پلاٹس کو قانونی شکل کے ڈی افسران کی معاونت سے ہوئی ۔ رفاعی پلاٹ پر پہلے دیوار اور پھر عمارت کھڑی کر دی جاتی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار خاتون کو پلاٹ دو ہفتوں میں دینے کی بھی ہدایت کر دی ۔