Friday, May 3, 2024

کراچی میں چائنہ کٹنگ اب تک 8 ہزار سے زائد پلاٹ نگل گیا

کراچی میں چائنہ کٹنگ اب تک 8 ہزار سے زائد پلاٹ نگل گیا
March 28, 2019

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں چائنہ کٹنگ مافیا نے سرکاری زمینوں پر خوب ہاتھ صاف کئے ، گزشتہ 15 برس میں آٹھ ہزار سے زائد پلاٹ ٹھکانے لگادئیے گئے،ادارہ ترقیات کراچی اپنی ہی زمین واگزار کرانے میں ناکام ہے۔

لینڈ مافیا کاسیاسی اثرو رسوخ اور اداروں کی ملی بھگت   شہر  قائد کی سرکاری زمینوں  پر چائنا  کٹنگ کی سب سے بڑی وجہ  ہے ۔

چائنا کٹنگ کا آغاز کراچی میں سال 2006 سے  نارتھ ناظم آباد سے ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتےیہ جال دیگر علاقوں تک پھیلتا چلا گیا۔

سرجانی ٹاون ہو یا نارتھ کراچی،گلستان جوہر ہو یا گلشن اقبال یا پھر ملیر اور بلدیہ ٹاؤن جہاں مافیا کی نظر گئی پلاٹنگ ہوتی رہی ۔

گذشتہ سالوں میں برسر اقتدار جماعتوں کی سرپرستی اور پولیس کی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کی ملی بھگت سے رفاہی پلاٹس پر بے دردی سے قبضہ کیا گیا۔

کے ڈی اے حکام  خود تسلیم کرتے ہیں  شہر میں آٹھ ہزار سے زائد پلاٹس آج بھی قبضہ مافیا کے شکنجے میں ہیں۔

تحقیقاتی اداروں کی جانب سے ایکشن کے بعد سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس،چائنا کٹنگ میں ملوث دیگر افسران اور مافیا کے کارندے بھی قانون کے شکنجے میں آئے۔ تاہم اب بھی کورنگی اور سرجانی کے علاقوں میں چائنا کٹنگ جاری ہے۔