Friday, March 29, 2024

کراچی میں پی آئی اے کے طیارہ حادثے کو ایک سال بیت گیا

کراچی میں پی آئی اے کے طیارہ حادثے کو ایک سال بیت گیا
May 22, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں پی آئی اے کے طیارہ حادثے کو ایک سال بیت گیا۔ جن کے پیارے خوفناک حادثے میں جاں بحق ہوئے انکا غم ابھی تک تازہ ہے۔

تیس سالہ نیلم برکت علی بیرون ملک سے اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بعد لاہور میں ملازمت کر رہی تھی۔ عید کی خوشیاں گھر والوں کے ساتھ منانے کے لیے نیلم بھی اس بدقسمت فلائٹ میں سوار تھی۔ نیلم کی والدہ الماس بانو جنہوں نے نیلم کی  تین سال کی عمر میں والد کے اس دنیا سے گزر جانے کے بعد  اکیلے اپنی بیٹی کی پرورش کی آج بھی اس دن کو یاد کر کے کانپ جاتی ہیں۔

الماس بانو کا کہنا ہے کہ ایک سال گزر جانے کے باوجود اس حادثے کے ذمہ داروں کا تعین نہیں ہو سکا۔ انہوں نے بارہا وزیر اعظم اور صدر کو خطوط بھیجے لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ معاوضے کی رقم ادا کرنے کے لیے شرائط رکھی جارہی ہیں جو انہیں قبول نہیں ہیں۔

الماس بانو کا کہنا تھا کہ  انہوں نےاپنی بیٹی  کے دنیا سے چلے جانے کو اللہ کی مرضی سمجھ کر قبول کر لیا ہے لیکن اس حادثے کے ذمہ داروں کو جب تک سزا نہیں ملے گی انہیں چین نہیں ائے گا۔