Friday, April 26, 2024

کراچی میں پولیس کی کارروائیاں‘ 5 ملزم گرفتار‘ اسلحہ برآمد

کراچی میں پولیس کی کارروائیاں‘ 5 ملزم گرفتار‘ اسلحہ برآمد
November 26, 2016

کراچی (92نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پیرآباد، فیڈرل بی ایریا، گلبرگ اور سرجانی ٹاون سے پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران پانچ ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ رینجرز نے لائنز ایریا کے علاقے میں جرمن ہوٹل کے قریب ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس میں داخلی راستوں کو سیل کر کے مشتبہ مقامات کی تلاشی لی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔

پیرآباد پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم خادم حسین کو گرفتار کرکے اسلحہ اور ایک کلو منشیات برآمد کر لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس تھانے کی حدود میں ایک شخص کو قتل کیا ہے جبکہ سرجانی ٹاون انویسٹی گیشن پولیس نے بھی رکشہ ڈرائیور کے قتل میں ملوث 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔

فیڈرل بی ایریا گلبرگ پولیس کے مطابق 2 ملزم فیڈرل بی ایریا کے علاقے میں لوٹ مار کر رہے تھے پولیس کو دیکھ کر ملزموں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں دونوں ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا اور ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول، موٹرسائیکل، چھینی ہوئی رقم اور موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔ ملزموں کے خلاف ڈکیتی، پولیس مقابلہ اور غیرقانونی اسلحہ کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔