Thursday, April 25, 2024

کراچی میں پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والی بچی امل کیس میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

کراچی میں پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والی بچی امل کیس میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل
September 27, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی میں پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والی بچی امل کیس میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ جسٹس (ر) خلیجی عارف سربراہ ہوں گے۔ اے ڈی خواجہ سمیت سندھ پولیس کے اعلیٰ آفیسر ، سینئر ڈاکٹر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے امل ہلاکت از خود نوٹس کی سماعت کی۔ وکلاء نے تحقیقاتی کمیٹی کے ٹی او ارز پیش کیے۔ موقف اختیار کیا کہ پہلے طبی امداد پھر قانونی کارروائی کیلئے قانون میں ترمیم کرنا ہو گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہسپتال کے مالک کے خلاف پرچہ درج کراتے ہیں۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، تحقیقات کروائیں گے۔ امل کے علاج کیلئے کوئی سئینر ڈاکٹر بھی موجود نہیں تھا۔ بچی دنیا سے چلی گی ، عدالت سے انتظامیہ نے جھوٹ کیوں بولا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ حکومت شعبہ صحت کی طرف توجہ نہیں دے رہی۔ صحت کیلئے مختص  بجٹ میں خردبر ہوجاتی ہے۔ کسی حکومت پر الزام نہیں لگا رہے، حقائق بیان کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میرے ڈاکٹر بھائی نے مجھے فون کر کے پیسوں کا تقاضا کیا۔ بتایا مریضوں کے لیے چندہ اکھٹا کر کے ادویات لاتے ہیں۔ 25 لاکھ کے چندے سے ہسپتال کی مشینری ٹھیک کروائی گئی۔ عدالت نے کمیٹی کو دو ہفتوں میں تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔