Thursday, April 25, 2024

کراچی میں پاک افواج کی امدادی کارروائیاں بدستور جاری

کراچی میں پاک افواج کی امدادی کارروائیاں بدستور جاری
August 28, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) کراچی میں موسلادھار بارشوں سے تباہ کن سیلابی صورتحال کے باعث پاک افواج کی امدادی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی کے تمام علاقے موسلادھار بارشوں سے شدید متاثر ہوئے۔ سول انتظامیہ کیساتھ مل کر مختلف علاقوں میں 32 طبی امدادی کیمپس قائم کئے گئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سرجانی ٹاؤن، قیوم آباد اور سعدی ٹاؤن میں آرمی کے 3 موبائل اسپتال بھی قائم کئے گئے ہیں۔ سیلاب میں محصور افراد کیلئے سول انتظامیہ کیساتھ ملکر 56 امدادی کیمپ بھی قائم کیے گئے۔ کراچی کے 9 علاقوں سے نکاسی آب کا کام مکمل کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی کے دستے سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں متاثرین کو تیار کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں 50 بستروں کا ہسپتال قائم کر دیا گیا، لیاری میں 3، گارڈن میں 2، کلفٹن 2، کیماڑی 2، صدر میں ایک کیمپ قائم کیا گیا، گلبرگ میں 3، کچی آبادی 5، لیاقت آباد اور ضلع ملیر میں 4، 4 کیمپس جبکہ ضلع کورنگی میں 2 اور ضلع شرقی گلزار ہجری میں 4 کیمپس قائم کئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں ریلیف آپریشن جاری ہے، حیدر آباد کے دو علاقوں سے نکاسی آب کا کام مکمل کر لیا گیا۔ دادو میں پاک فوج نے 350 افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا، کھانا تقسیم کیا، پاک بحریہ نے بدین کے 5 سیلاب متاثرہ دیہات میں طبی امدادی کیمپس قائم کر دئیے۔