Friday, April 26, 2024

کراچی میں پانی کا بحران شدید سے شدید تر ہوگیا

کراچی میں پانی کا بحران شدید سے شدید تر ہوگیا
April 18, 2019

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ  پانی کا بحران شدید سے شدید تر ہوتا جارہا ہے، سندھ سرکار کے دعوے دھرے رہ گئے ، رمضان المبارک قریب آگیا لیکن پیاسے شہر کا کوئی پرسانے حال نہیں۔

کراچی میں پانی کا مسئلہ صرف الیکشن کے نعروں میں ہی حل ہوتا ہے ، شہری برسوں سے پانی کو ترس رہے ہیں اور اب صورتحال یہ ہے کہ ماضی میں جن علاقوں میں پانی دستیاب تھا وہاں بھی نایاب ہوگیا۔

ستم ظریفی یہ کہ کراچی کے شہری اپنے حصہ کا پانی خرید کر گزر بسر چلا رہے ہیں ، واٹر بورڈ کی کارکردگی سے منتخب نمائندے بھی نالاں نظر آتے ہیں۔

اہلیان کراچی کا کہنا ہے کہ  ماہ صیام  سر پر ہیں لیکن پانی کی فراہمی میں گذشتہ سالوں کے مقابلے میں کوئی بہتری نہیں آئی۔

شہریوں کا کہنا ہے پانی ایک اہم ضرورت ہے حکام کو زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اور ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔