Friday, March 29, 2024

کراچی میں پانی بحران نے شہریوں کا امتحان لینا شروع کر دیا

کراچی میں پانی بحران نے شہریوں کا امتحان لینا شروع کر دیا
June 25, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی میں پانی بحران نے شہریوں کا امتحان لینا شروع کر دیا ۔ پانی کا ٹینکر ایک ہزار سے تین ہزار روپے تک فروخت کیا جانے لگا۔ سمندر کنارے کراچی، لیکن شہر کا بڑا حصہ پانی سے محروم  ہونے لگا۔ صاف پانی کیلئے شہری رُل گئے ۔ نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، شادمان ٹاؤن، نیو کراچی اور اطراف کے رہائشی پانی کیلئے رات سے لائنیں لگانے پر مجبور ہو گئے۔ پانی کا ٹینکر حاصل کرنے کیلئے اپنی نیندیں برباد کرنے والوں کا صبر بھی جواب دے گیا اور بات جھگڑے تک پہنچ گئی ۔ پانی جیسی نعمت کیلئے رات گزارنے والے ٹینکر مافیا پر پھٹ پڑے ۔ کہتے ہیں عوام کیلئے پانی نہیں تو مافیا کو کہاں سے دیا جارہا ہے ۔ خواتین بھی پانی کے حصول کیلئے دہائیاں دینے پر مجبور ہیں لیکن شاید حکمران سننے کیلئے تیار نہیں جبکہ ہائیڈرنٹس کا عملہ خود کو بے بس ظاہر کرنے لگا ۔ سخی حسن پمپنگ اسٹیشن پر آئے شہری کہتے ہیں ووٹ اُسی کو دیں گے جو اس سنگین بحران سے نجات دلائے گا ۔