Sunday, May 12, 2024

کراچی میں پارکنگ ایریاز کے تجارتی استعمال پر ایس بی سی اے کی کارروائی

کراچی میں پارکنگ ایریاز کے تجارتی استعمال پر ایس بی سی اے کی کارروائی
November 16, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی میں پارکنگ ایریاز کا تجارتی استعمال ٹریفک جام کا بڑا اور اہم سبب بے ہنگم پارکنگ کے خلاف ایس بی سی اے نے ایکشن لیا، پریڈی پولیس ٹال مٹول سے کام لیتی رہی، گھنٹوں انتظار کے بعد کارروائی ممکن ہو پائی جبکہ طارق روڈ میں بھی 5 شاپنگ مالز کے پارکنگ ایریاز میں غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔ بے ہنگم پارکنگ پر ایس بی سی اے نے بلاآخر گھنٹوں انتظار کے بعد ہاشو سینٹر صدر، دستگیر مال اور شادمان ہال پارکنگ ایریاز میں غیر قانونی تعمیرات مسمار کردیں۔ ڈی جی ایس بی سی اے ظفر احسن کے مطابق دو درجن سے زائد عمارتوں میں پارکنگ ایریاز کا غلط استعمال کیا جارہا ہے، اکتیس عمارتوں کی فہرست تیار ہے، پارکنگ کے تجارتی استعمال کے سبب سڑک و فٹ پاتھ پر گاڑیاں کھڑی کی جارہی ہیں۔ ادھر ایس بی سی اے کا ضلع شرقی طارق روڈ میں آپریشن، پانچ شاپنگ مالز کے پارکنگ ایریاز میں غیر قانونی تعمیرات مسمار کردی گئیں۔ دوسری جانب کے ایم سی انسداد تجاوزات نے بھی ناظم آباد کباڑی مارکیٹ میں بھرپور کارروائی کی، فٹ پاتھ اور سڑک صاف، دروازے، کھڑکیاں، ٹیبل، کرسیاں، میزیں، پنجرے و دیگر تجاوزات ضبط کرلی گئیں۔