Friday, April 26, 2024

کراچی میں ٹڈی دل کا حملہ، بلوچستان میں بھی حملوں بارے الرٹ جاری

کراچی میں ٹڈی دل کا حملہ، بلوچستان میں بھی حملوں بارے الرٹ جاری
November 11, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی میں ٹڈی دل نے حملہ کر دیا، آسمان ہزاروں ٹڈیوں سے بھرگیا، گھروں اور شاہراہوں پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، کے سی سی اے اور نیشنل اسٹیڈیم میں میچز روک دیئے گئے، ادھر بلوچستان میں ممکنہ حملوں سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا۔ کراچی میں ٹڈی دل کے حملے سے شہری پریشان ہو گئے، گھروں اور شاہراہوں پر لوگو ں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ٹڈیوں کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا رخ کر نے پر میچ روکنا پڑ گیا جہاں سندھ اور نادرن کی ٹیموں کے درمیان قائداعظم ٹرافی کا میچ جاری تھا۔ وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے ٹڈی دل کے حملے پر شہریوں کو انوکھا مشورہ دیدیا، کہتے ہیں کہ کراچی کے باسی ٹڈی دل سے کڑھائی، بریانی بنا کر کھا سکتے ہیں۔ ٹڈی دل کراچی کے شہریوں کے پاس چل کر آئی ہے تو فائدہ اٹھائیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ٹڈی دل کراچی میں رات میں قیام کرکے بلوچستان جا رہی ہے، ٹڈی دل عوام کو نقصان نہیں پہنچاتی، کراچی کے شہری پریشان نہ ہوں۔ دوسری جانب بلوچستان میں بھی ٹڈی دل کے ممکنہ حملہ کے پیش نظر خصوصی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن عارف شاہ کے مطابق ٹڈی دل ضلع خاران، لسبیلہ، گوادر، آواران سمیت مکران ڈویژن میں داخل ہوگا، سندھ اقدامات کرے تو بلوچستان میں ٹڈی دل کے حملے کا نقصان کم ہوسکتا ہے۔