Monday, May 20, 2024

کراچی میں ٹماٹر 230روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا

کراچی میں ٹماٹر 230روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا
October 4, 2017

کراچی ( 92 نیوز ) سبزی منڈی میں ٹماٹر 60 روپے سستا ہونے کے باوجود منافع خور سرگرم، عام مارکیٹ میں فی کلو ٹماٹر 200 روپے سے 230 روپے میں فروخت ہورہا ہے، کمشنر کراچی تمام تر صورتحال پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔
ایران سے درآمد ہونے والا ٹماٹر کراچی پہنچتے ہی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوگئی، سبزی منڈی مارکیٹ کمیٹی کے مطابق ٹماٹر کی 15 کلو پیٹی میں 1000 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد ٹماٹر کی 15 کلو پیٹی 3 ہزار روپے سے کم ہوکر 2 ہزار روپے ہوگئی۔ سبزی منڈی میں درجہ اول ٹماٹر 200 روپے سے کم ہو کر 140 روپے جبکہ درجہ دوئم ٹماٹر 160 روپے سے کم ہوکر100 روپے کلو ہوگیا۔
ایرانی ٹماٹر کی سپلائی شروع ہوتے ہی ایک روز میں ٹماٹر60 روپے فی کلو سستا ہوگیا،شہری حکومت کی نااہلی کے باعث ٹماٹر سستا ہونے کا ریلیف عام صارف کو نہیں ملارہا اور عام مارکیٹ میں فی کلو ٹماٹر 2 سو روپے سے 230 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ کمشنر کراچی ٹماٹر کی قیمت پر اپنا موقف دینے کو تیار نہیں۔ کمشنر کراچی کی جانب سے ٹماٹر کی حقیقی قیمت کے نفاذ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے.  جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہر بھر کے سبزی فروش عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔
کمشنر کراچی اینڈ کنڑولر جنرل پرائسز ڈویژن کی جانب سے ریٹ لسٹ تو جاری کی جارہی ہے لیکن اس پر عملدرآمد کرانے کی کوئی کوشش نہیں کی جارہی۔ سندھ سے ٹماٹر کی نئی فصل کی سپلائی 20 اکتوبر سے شروع ہوجائے گی۔جس کے بعد مارکیٹ میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت 30 سے 40 روپے ہونے کی توقع ہے۔