Thursday, April 18, 2024

کراچی میں وقفے وقفے سے بارش، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں

کراچی میں وقفے وقفے سے بارش، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں
August 11, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ بیشتر علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ ملیر، ناگن چورنگی، لانڈھی ،گڈاپ ٹاون میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ پبلک ٹرانسپورٹ بند ہو گئی۔ شاہراہ فیصل پر تین سے چار فٹ پانی جمع  ہو گیا جس میں درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ کارساز سے ایئرپورٹ جانے والی سڑک بھی بند ہو گئی۔ حیدرآباد میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ بجلی بھی بحال نہ ہو سکی۔ تھر کے برساتی نالے میں دو بچیاں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں۔ راولپنڈی میں تین افراد ڈوب گئے۔ خیبرپختونخوا  میں بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ  سے جاں بحق  افراد کی تعداد  بارہ ہو گئی۔ ڈی جی خان اور راجن پور میں پانچ افراد سیلابی ریلوں میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔ دوسری طرف کراچی میں بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا،  شہریوں نے رات جاگ کر گذاری۔ ڈیفنس ،کلفٹن، ملیر، بھینس کالونی، لانڈھی گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد ،صدر، لکی اسٹار، محمود آباد، گلستان جوہر، گلشن سمیت متعدد علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ کراچی میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور رینجرز کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ کے ڈی اے گرڈ اسٹیشن پر پاک فوج کی ٹیمیں پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔ مختلف مقامات پر پھنسی گاڑیاں بھی نکالی جارہی ہیں۔ سعدی ٹاؤن اور مویشی منڈی میں پاک فوج کی خصوصی ٹیمیں موجود ہیں۔