Friday, April 19, 2024

کراچی میں واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کا بریک ڈاؤن

کراچی میں واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کا بریک ڈاؤن
August 11, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کا بریک ڈاؤن پیدا ہو گیا۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر دو فیز کی بجلی تاحال بند ہے۔ کراچی میں کے الیکڑک کے سسٹم کی وجہ سے باران رحمت پھر زحمت بن گئی۔ بیشرعلاقوں میں گذشتہ شب بارش شروع ہوتے ہی غائب ہونے والی بجلی اب تک واپس نہیں آسکی۔ زیادہ تر علاقوں میں شہریوں نے رات بجلی آنے کے انتظار میں جاگ کر گزار دی۔ لانڈھی، کورنگی، ملیر، قائدآباد اور شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں بجلی تاحال بند ہے۔ گلستان جوہر، گلشن اقبال، عزیز آباد، لیاقت آباد کے علاقوں میں بھی بجلی غائب ہے۔ فیڈرل بی ایریا، اورنگی ٹاون، نارتھ کراچی کے علاقوں میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ لیاری، کیماڑی، کھارادر، رنچھوڑلائن اور لائنز ایریا کے علاقوں میں بھی  شہری پریشان ہیں۔ ڈیفنس، کلفٹن محمود آباد، بلدیہ ٹاون کے علاقوں میں بھی بجلی کی بندش نے شہریوں کا خوب امتحان لیا۔ بارش کے باعث واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے بریک ڈاؤن ہوا۔ دھابیجی، گھارو اور حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی آنکھ مچولی سےشہر کو دو سو پچاس ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جا سکا۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرنٹ لگنے سے خاتون سمیت  چھ افراد افراد جاں بحق ہو گئے۔ پیر آباد میں کرنٹ لگنے سے خاتون جاں بحق، کھارادر میں 35 سالہ عمر، اورنگی ٹآؤن میں 25 سالہ شہباز جان سے گئے۔ بھنس کالونی میں شہباز حسین، سولجر بازار میں 17 سالہ کیف اور راشد منہاس روڈ کے قریب پچیس سالہ احسان اللہ جاں بحق ہوا۔ بھٹہ ویلیج میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔