Monday, May 13, 2024

کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونیوالا جلوس حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر

کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونیوالا جلوس حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر
August 30, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں بھی میدان کربلا میں اسلام کی خاطرعظیم قربانیوں کو عقیدت و احترام سے یاد کیا گیا ، اس سلسلے میں مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا  جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا بخیرو عافیت کھارادر میں حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ۔

شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے  یوم عاشور پر کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا  ۔ جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی ۔

جلوس کے شرکاء کیلئے مقررہ راستوں پر پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں جبکہ ٹرکوں کے

ذریعے بھی عزاداروں کو پانی اور شربت کی فراہمی کی جاتی رہی ۔

مرکزی جلوس کی حفاظت کیلئے پولیس کے 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات اور ریپڈ رسپانس فورس کی 3 کمپنیاں بھی موجود تھیں جبکہ ڈی جی  رینجرز اور آئی جی سندھ نے بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔

جلوس کے شرکاء صدر اور ایمپریس مارکیٹ سے ہوتے ہوئے تبت سینٹر کے مقام پر پہنچے جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی  ، جس کے بعد مرکزی جلوس ایک مرتبہ پھرمقررہ راستوں کی جانب رواں دواں ہوا اور کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔