Friday, March 29, 2024

کراچی میں نسلہ ٹاور کی مسماری کا کام چھٹی کے روز بھی جاری

کراچی میں نسلہ ٹاور کی مسماری کا کام چھٹی کے روز بھی جاری
November 28, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں نسلہ ٹاور کی مسماری کا کام چھٹی کے روز بھی جاری ہے۔ چارسو مزدوروں اور بھاری مشینری کی مدد سے عمارت کے مختلف حصوں کو توڑا جانے لگا۔

چودہ ٹن کی دو مشینیں عمارت کے اوپری حصے میں موجود ہیں۔ چار سو مزدور چوبیس گھنٹے کام میں مصروف ہیں۔ بالائی منزلوں پر کھڑکیوں اور دروازوں کی چوکھٹیں بھی نکالی جا رہی ہیں۔ ملبے سے سریے کو الگ کرکے نیچے پھینکا جا رہا ہے۔ عمارت کے اطراف پولیس اور رینجرز کی نفری بھی موجود ہے۔ شارع فیصل سے شارع قائدین جانے والی سڑک بند کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی درخواست پر کمشنر کراچی نے نسلہ ٹاور کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیمولیشن کے دوران کچھ افراد لا اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب کر سکتے ہیں۔ ڈیمولیشن مکمل ہونے تک نسلہ ٹاور کے اطراف چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہو گی۔ کام میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔