Thursday, April 25, 2024

کراچی میں نان بائی روٹی من مانی قیمت پر فروخت کرنے لگے

کراچی میں نان بائی روٹی من مانی قیمت پر فروخت کرنے لگے
July 25, 2020

کراچی ( 92نیوز) کراچی میں گوالوں کے بعد نان بائی اور ہوٹل مالکان بھی شہریوں کو لوٹنے لگے، تنور کی روٹی کہیں12 تو کہیں 15روپے کی فروخت ہو رہی ہے، لاہور میں چکی کا آٹا مزید دو روپے کلو مہنگا ہوکر 72روپے تک جاپہنچا۔

سندھ میں حکومتی رٹ کمزور، گندم کی قیمتیں بڑھنے پر آٹا مہنگا ہوگیا، روٹی کا حصول بھی مشکل نظر آنے لگا،  کراچی میں تنور کی روٹی کہیں 12تو کہیں 15روپے جبکہ چپاتی بھی دس روپے میں  فروخت کی جارہی ہے،شہریوں نے حکومتی رٹ پر سوال اٹھادیا ۔

کراچی کی طرح لاہور والے بھی مہنگی روٹی اور آٹے کی روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں، لاہور میں چکی کے آٹے کی قیمت72روپے سے زیادہ ہوگئی، شہریوں نے حکومت سے قیمتیں کم کرنے کامطالبہ کیا ہے۔

آٹا چکی مالکان کا کہنا ہے انہیں گندم مہنگی مل رہی ہے آٹا کیسے سستادیں،شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کوروکنے کے اقدامات کئے جائیں۔