Tuesday, April 23, 2024

کراچی میں نامعلوم افراد نے ڈی ایچ اے بخاری کمرشل سے راہ چلتی لڑکی کو اغوا کر لیا

کراچی میں نامعلوم افراد نے ڈی ایچ اے بخاری کمرشل سے راہ چلتی لڑکی کو اغوا کر لیا
December 1, 2019

کراچی (92 نیوز) کراچی میں نامعلوم افراد نے ڈی ایچ اے بخاری کمرشل سے راہ چلتی لڑکی کو اغوا کر لیا۔ کار سوار ملزموں نے پہلے فائرنگ کی پھر لڑکی کو اغوا کر کے فرار ہو گئے۔

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے لڑکی کے پُراسرار اغواء کا واقعہ پیش آیا۔  ڈی ایچ اے بخاری کمرشل سے کار سوار ملزمان نوجوان کو فائرنگ سے زخمی کرنے کے بعد لڑکی کو اغواء کرکے لے گئے ۔

گاڑی کہاں گئی ؟ لڑکی کو کہاں غائب کر دیا گیا ؟ پولیس کئی گھنٹے بعد بھی ان سوالات کے جواب ڈھونڈنے میں ناکام ہے۔

پولیس نے زخمی حارث کے والد کی مدعیت میں اقدام قتل اور اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا جس کے مطابق حارث دوستوں سے ملنے کیلئے گھر سے نکلا تھا ۔ 8 بجکر 20 منٹ پر فائرنگ کے بعد حارث نے اپنے والد کو خود آگاہ کیا ۔ اسی دوران ملزمان دعا کو گاڑی میں زبردستی بٹھا کر ساتھ لے گئے ۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حارث اور دعا کو چہل قدمی کرتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ دونوں جیسے ہی گلی کے بائیں جانب مڑے تو ملزمان نے فائرنگ کی جس کے بعد ملزمان نے چلتی گاڑی کا دروازہ بند کیا ۔

پولیس اور رینجرز نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ۔ عینی شاہد رکشہ ڈرائیور نے بیان میں بتایا کہ صرف فائرنگ کی آواز سنی تھی جبکہ پولیس نے حارث اور دعا کے کال ریکارڈ کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے اور ابتدائی تحقیق میں ذاتی دشمنی کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔