Monday, September 16, 2024

کراچی میں میئر کے الیکشن کیلئے شیڈول کا اعلان‘ وسیم اختر پر ایک اور مقدمہ

کراچی میں میئر کے الیکشن کیلئے شیڈول کا اعلان‘ وسیم اختر پر ایک اور مقدمہ
July 28, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔ میئر اور ڈپٹی مئیر کا انتخاب چوبیس اگست کو ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی اور سندھ کی عوام کے لیے ایک بار پھر خوشخبری۔ 5ویں بار فیصلے کی گھڑی آن پہنچی۔ الیکشن کمیشن کے ممبران کے انتخاب کے بعد کچرے سے اٹے کراچی کی عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ 5 اور 6 اگست کو میئر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جائیں گے۔ 8 سے 10 اگست تک کاغذات کی جانچ پڑتال ہو گی جبکہ 16 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان کر دیا جائے گا۔ 24 اگست وہ تاریخی دن ہوگا کہ جب کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن ہو گا۔ سندھ میں چیئرمین اور وائس چیئرمین میونسپل‘ ٹاون‘ ڈسٹرکٹ میونسپل‘ ٹاون‘ ڈسٹرکٹ میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین کا انتخاب بھی عمل میں آئے گا۔ حالات کی ستم ظریفی دیکھئے کہ 4 بار کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے ایم کیوایم کے وسیم اختر جیل میں ہیں اور ان پر ایک اور مقدمہ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق وسیم اختر سانحہ 12 مئی کی ذمہ داری قبول کرچکے ہیں۔ ایم کیوایم کے لیے ایک بارپھر کڑا امتحان آن ٹھہرا کہ ایم کیوایم جیل میں موجود وسیم اختر کو ہی انتخاب لڑائے یا پھر کسی اور کو انتخاب کے لیے پیش کرے۔ ذرائع کے مطابق اس بار میئر کے انتخاب کا شیڈول کینسل نہیں کیا جائے گا۔ صورتحال کچھ بھی ہو کراچی کا نامزد میئر 30 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آج سے تیس اگست تک سرکاری افسران کی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ صوبے میں ترقیاتی فنڈز بھی جاری نہیں کئے جائیں گے۔