Friday, April 26, 2024

کراچی میں مون سون کے تیسرے اسپیل کی انٹری سے گلیاں ، سڑکیں پھر تالاب بن گئیں

کراچی میں مون سون کے تیسرے اسپیل کی انٹری سے گلیاں ، سڑکیں پھر تالاب بن گئیں
August 29, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں بارشوں کے تیسرے راؤنڈ نے ایک مرتبہ پھر شہر میں خوب رنگ جمایا ہے۔ مون سون کے تیسرے اسپیل نے انٹری کی تو گلیاں ، سڑکیں پھر تالاب بن گئیں۔ کراچی میں گزشتہ روز شروع ہونے والی برسات رات تک وقفے وقفے سے جاری رہی اور سارا شہر جل تھل ہو گیا ۔ شہر قائد میں ایک اور بارش رحمت کی بجائے زحمت بن گئی ۔ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا ایک مرتبہ پھر پول کھول دیا ۔ شہر کی صورتحال کے باعث نجی اسکولوں میں تعطیل کردی گئی لیکن سندھ حکومت نے چھٹی کا اعلان نہ کیا ۔ قیوم آباد، کورنگی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، کے ڈی اے چورنگی، ملیر کالا بورڈ، ناگن چورنگی سمیت درجنوں علاقوں میں سڑکیں تالاب بن گیئں ۔ دوسری طرف کے الیکٹرک کا نظام ایک مرتبہ پھر جواب دے گیا ۔ ملیر، شاہ فیصل کالونی، کورنگی، ماڈل کالونی، ڈیفنس، گلستان جوہر اور ناظم آباد سمیت کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نارتھ کراچی میں 53،  صدر اور جناح ٹرمینل پر 40، یونیورسٹی روڈ، گلستان جوہر میں 38، اولڈ ایئر پورٹ پر 36، لانڈھی میں 32، اور سرجانی ٹاؤن میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی  ۔