Thursday, March 28, 2024

کراچی میں مون سون کا ایک اور طوفانی اسپیل، سیلابی صورتحال

کراچی میں مون سون کا ایک اور طوفانی اسپیل، سیلابی صورتحال
August 27, 2020
کراچی (92 نیوز) بارش نے کراچی کو بے بس کردیا، پوش ایریاز محفوظ رہے نہ ہی گوٹھ، غربی، وسطی اور ساؤتھ میں بارش نے برا حال کردیا، شہر کی اہم شاہراہیں دریا اور چورنگیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ مون سون کے سیزن میں کراچی پر بادل گرجے بھی اور برسے بھی، چند روز قبل کی بارش میں ڈوبی کراچی کی سڑکیں ایک بار پھر پانی پانی ہوگئیں، کوئی پوش ایریا محفوظ رہا نہ ہی گوٹھ، سڑکیں بچیں نہ ہی چورنگیاں۔ کراچی میں بادل برسے تو قائد آباد سے کیماڑی، اورنگی سے بلدیہ ٹاؤن سب جگہ جل تھل ایک ہوگیا، مرکزی شاہراہوں پرپانی جمع ہوگیا، سڑکیں دریاؤں کا منظر پیش کرنے لگیں، شاہراہ فیصل پانی میں ڈوب گئی، یونیورسٹی روڈ بھی زیرآب آگئی۔ شاہراہ پاکستان، ایم اےجناح روڈ، کورنگی کازوے اور دیگر سڑکیں بھی ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، ضلع وسطی، غربی اور ساؤتھ پھر ڈوب گئے، شہر کی تمام چورنگیاں بھی پانی میں غائب ہوگئیں۔ یوسف گوٹھ میں پانی دوبارہ گھروں میں دخل ہوگیا، جن سڑکوں پر گاڑیاں دوڑتی تھیں وہاں کشتیاں چلانا پڑیں، شہری گھروں اور دفاتر میں محصور ہوکر رہ گئے، حکومت اور انتظامی اہلکار کہیں بھی نظر نہیں آئے۔