Monday, May 13, 2024

کراچی میں مون سون کا ایک اور اسپیل تیار ، شہر میں تیز ہواؤں کے بعد بارش

کراچی میں مون سون کا ایک اور اسپیل تیار ، شہر میں تیز ہواؤں کے بعد بارش
September 25, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں مون سون کا ایک اور اسپیل تیار ہو گیا۔ شہر میں تیز ہواؤں کے بعد بارش ہوئی۔ صدر، لکی اسٹار اور ڈیفنس سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسنے لگے۔ کراچی میں مون سون کے چار اسپیل گزرے تو گرمی کا دور لوٹ آیا ۔ ستمبر نے خوب ستم ڈھایا لیکن پھر اچانک قدرت مہربان ہوئی اور مختلف علاقوں میں  بادل  جم کر برسے جس کے باعث گرمی سے نڈھال کراچی والے بھی خوشی سے نہال ہو گئے۔ شہرقائد میں کہیں ہلکی بارش تو کہیں کالے بادلوں کا راج رہا جبکہ بارش سے قبل آئی تیز آندھی نے اپنا اثر دکھایا تو کہیں درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور کہیں عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ آندھی کے باعث حد نگاہ بھی متاثر  ہوئی جس سے موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، شارع فیصل ،اسٹیڈیم روڈ، ناظم آباد، لیاقت آباد، عزیز آباد ناردرن بائے پاس سمیت دیگرعلاقوں میں بادل خوب برسے۔ سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 35 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق انڈین گجرات اور راجستان کے ساوتھ ویسٹ ہوا کے کم دباو سے بننے والا سسٹم جمعرات کی شام تک مکمل طور پر شہر میں داخل ہو گا۔