Friday, April 19, 2024

کراچی میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل سے بدترین اربن فلڈنگ ، سڑکیں دریا بن گئیں

کراچی میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل سے بدترین اربن فلڈنگ ، سڑکیں دریا بن گئیں
August 28, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل سے بدترین اربن فلڈنگ شروع ہو گئی۔ سڑکیں دریا بن گئیں۔ موسلادھار بارش نے پہلے سے ڈوبے کراچی میں مزید تباہی مچا دی۔ سیلابی ریلے راستے میں آنے والی ہر شے بہا لے گئے۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے علاوہ وزنی کنٹینرز بھی بہہ گئے۔ شارع فیصل پر شہریوں کی مدد کیلئے جانے والی پولیس وین پانی میں پھنس گئی۔ کراچی میں گوٹھوں سے لے کر پوش علاقوں تک کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔ گھر، گلیاں، اسپتال، شاہراہیں، انڈرپاسز سب کچھ ڈوب گیا۔ ایئرپورٹ کے رن وے پر بھی پانی آ گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کشتیاں چل پڑیں۔ ضلع ملیر اور کورنگی سب سے زیادہ متاثر ہوئے ، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ شارع فیصل پر ٹریفک جام ہو گئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔ کراچی میں آج بھی بارش وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز پی اے ایف فیصل بیس پر سب سے زیادہ 135.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش سے ندی نالے پھر بپھر گئے۔ ملیر ندی، کورنگی نالہ اور تھڈو ڈیم اوورفلو ہو گیا۔ گڈاپ کی طرف سے کراچی آنے والے راستے زیر آب آ گئے۔ ادھر حب ڈیم 13 سال بعد بھر گیا، پانی کی سطح گنجائش کے مطابق 340 فٹ پر پہنچ گئی۔